اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بریگیڈئیر(ر) اسد منیر کی خودکشی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس تین دن کے اندر اپنی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بریگیڈئیر(ر) اسد منیر نہایت ہی شفیق اور نفیس انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے سیکرٹری نے مجھے بتایا کہ اسلام آباد پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور بریگیڈئیر(ر) اسد منیر کے خاندان والوں کے اصرار کی وجہ سے ان کا پوسٹ مارٹم نہیں کرایا جا سکا جو میرے لیے بہت ہی حیرانی کی بات تھی، پہلے بھی یہ دیکھا گیا ہے کہ بہت سے اہم کیسز میں خاندان والوں کے کہنے پر پوسٹ مارٹم نہیں ہوتا جو اس واقعے سے متعلق جاننے کے لیے ایک قانونی تقاضا بھی ہے اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ اسلام آباد پولیس کو ان کا پوسٹ مارٹم نہ کرانے کے حوالے سے ان کے خاندان والوں کی یہ بات ماننی چاہیئے تھی، پوسٹ مارٹم ہونا بہت ضروری ہے تاکہ اصل حقیقت سامنے آ سکے اور جہاں تک ان کی لکھی گئی آخری تحریر کا تعلق ہے اس کی تصدیق ہونا بھی ابھی باقی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ نوٹ انہوں نے لکھا ہے یا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بریگیڈئیر(ر) اسد منیر کی خودکشی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا اور اگر وزارت داخلہ ضروری سمجھے گی تو پھر اس کیس کی تحقیقات کے لیے ٹیم میں کوئی اضافہ کرنے یا کوئی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کریں گے، اسلام آباد پولیس تین دن کے اندر اس حوالے سے اپنی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔