لاہور، کراچی (کامرس رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 31مارچ تک کاروباری مقامات پر کوئی چھاپہ نہیں مارا جائے گا، یہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ان انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے جو وہ کاروباری ماحول کی بہتری، تاجروں کو ذہنی سکون مہیا کرنے اور تاجر برادری و حکومت کے درمیان اعتماد سازی کے لیے کررہا تھا۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بھی لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ تاجر برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پندرہ دن کے اندر قانونی واجبات ادا کردیں تاکہ ٹیکس اہلکاروں کو کاروباری مقامات پر جانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ مارکیٹوں، تجارتی و صنعتی تنظیموں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپے رکوانا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایک بڑی کامیابی ہے ، لاہور چیمبر حقیقی معنوں میں تاجر برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے۔ دریں اثناء کراچی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان نے کہا ہے کہ مختلف کاروبار کے مسائل حل کئے جائیں گے کسی صورت بزنس کمیونٹی کو ہراساں نہیں کریں گے ہمارے لئے ٹیکس ادا کرنے والے اہم ہیں ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو نیٹ میں لانے پر توجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی مزاج بدلنے سے آتی ہے۔ ایف بی آر میں سوچ ہے کہ مزاج بدلے وہیں کاروبار طبقے کوبھی ایف بی آر کے بارے میں سوچ بدلنا ہو گی ۔