سینٹ کمیٹی نے سعودی ولی عہد کے دورہ پر آنے والے اخراجات کی تفصیل مانگ لی

Mar 17, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے اپنے 21 مارچ کے اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔کمیٹی کے سیکرٹری کی جانب سے اجلاس کے جاری ایجنڈے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں سعودی ولی عہد کے پروٹوکول کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی تفصیلات پر بریفنگ بھی شامل ہوں گی۔اس کے علاوہ اجلاس میں 18ویں ترمیم کے بعد پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے کام، حیثیت، اثاثے، اخراجات اور منافع سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس پر بھی بریفنگ لی جائے گی۔نوٹس کے مطابق اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے نشاندہی کی گئی پاکستان میں گزشتہ 6 برسوں (2018-2012) کی ترقیاتی اسکیمیوں پر بھی بات چیت ہوگی اور ان کی موجودہ حیثیت پر تفصیلات طلب کی جائیں گی۔سعودی شہزادے کے اس دورے پر جڑواں شہروں کو سعودی شاہی خاندان کی تصاویر سے سجادیا گیا تھا اور خوش آمدیدی بینرز آویزاں کردیئے گئے تھے، اس اعلیٰ سطح دورے میں محمد بن سلمان کے ہمراہ اہم سعودی وزرا، کاروباری شخصیات، شاہی خاندان کے افراد بھی ساتھ تھے۔ان تیاریوں کے سلسلے میں 2 سی 130 طیاروں میں 7 بی ایم ڈبلیو سیون سیریز کی لگژری سیڈان اور ایک لینڈ کروزر، محمد بن سلمان کے ذاتی استعمال کے لیے فرنیچر اور جم کا سامان وزیر اعظم ہاؤس میں 8 کنٹینر میں پہنچایا گیا تھا، اس کے علاوہ دورہ کرنے والے وفد کے لیے اسلام آباد کے 8 ہوٹلز میں 750 کمرے بک کیے گئے تھے اور پیشگی بکنگ ختم کردی گئی تھیں۔

مزیدخبریں