صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے کراچی کے رہائشی ذیشان رضاکے گھر گئے اور ان کی بہن اور بہنوئی سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے واقعہ میں ذیشان کے والد اور والدہ بھی شہید ہو گئے تھے۔ فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے سے دنیا میں امن نہیں آ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت شہداء کے لوحقین کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے ۔خاص طور پر میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھی شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرنے آیا تھا۔