پاک بحریہ کی مشقیں سی سپارک: جنگی حکمت عملی، منصوبوں کی تجدید کیلئے سفارشات پیش

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 2020ء کا ڈی بریف سیشن کراچی میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ مشق پاک بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کے لئے بحیرہ عرب میں منعقد کی گئی جس میں پاک بحریہ کے اثاثوں، پلیٹ فارمز، سپیشل فورسز اور پاک میرینز کے دستوں کے علاوہ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھی مشق میں بھرپور شرکت کی۔ ڈی بریف سیشن کے دوران ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف (آپریشنز) نے مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ مشق سے حاصل ہونے والے ثمرات کی جانچ کے لئے مشق کے عملی انعقاد کو زیر بحث لایا گیا۔ آخر میں جنگی حکمت عملی اور منصوبوں کی تجدید کیلئے سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے اپنے اختتامی خطاب میں گرے ہائبرڈ جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر مشقوں کے انعقاد کے ذریعے آپریشنل منصوبوں کی جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے متعدد چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور مشق کے دوران دکھائی جانے والی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن