کرونا سے سیاسی سرگرمیاں منجمد، وزیراعظم نے آج ویڈیو کانفرنس پر کابینہ اجلاس بلا لیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) ’’کرونا وائرس‘‘ کے خدشہ نے جہاں زندگی کے ہر شعبہ کو متاثر کیا ہے وہاں سیاسی سرگرمیاں منجمد ہو کر رہ گئی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس ’’وڈیو لنک ‘‘ کے ذریعے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جب کہ وفاقی کابینہ کے گذشتہ اجلاس کے موقع پر تمام وزراء کے ’’کرونا وائرس‘‘ کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ انہیں کلیئر قرار دینے کے با وجود وفاقی کابینہ کا اجلاس وڈیو لنک کے ذریعے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ملتوی کر دئیے گئے۔ تمام پارلیمانی کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کر دئیے گئے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں آن بورڈ ہیں لیکن حکومت کا سیاسی جماعتوں سے کوئی رابطہ نہیں یہی وجہ ہے ’’کرونا وائرس ‘‘ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہو کا عالم ہے، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے سیاسی سرگرمیاں معطل ہونے سے وقتی طور پر ریلیف ملا ہے لیکن پوری حکومتی مشینری کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے شدید دبائو میں ہے اس وقت حکومت کو ’’کورو نا وائرس ‘‘ پر قابو پانے کے لئے سیاسی جماعتوں کی بھرپور حمایت کی ضرورت ہے جس سے موجودہ حکومت بوجوہ محروم ہے اب تک حکومت نے ’’کرونا وائرس ‘‘ پر قابو پانے کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ آئندہ دو ہفتے ہماری قومی زندگی میں غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں اس دوران فیصلہ ہو جائے گا کہ حکومت کورونو وائرس پر قابو پانے میں کس حد تک کامیاب ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن