اسرائیلی صدر نیتن یاھو کے حریف کو حکومت کی تشکیل کی دعوت دیں گے

Mar 17, 2020 | 12:07

ویب ڈیسک

اسرائیلی صدر کی طرف سے کل اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ آج سوموار کو وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے سیاسی حریف اور بلیو وائٹ پارٹی کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ بینی گینٹز کو حکومت کی تشکیل کی دعوت دیں گے۔

خیال رہے کہ دو مارچ کو اسرائیلی کنیسٹ کے انتخابات میں نیتن یاھو کی جماعت 'لیکوڈ' پارٹی نے بینی گینٹز کی جماعت سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں مگر سیاسی حلقوں کی طرف سے عدالتوں میں جاری کرپشن کے مقدمات کی وجہ سے نیتن یاھو کو حکومت کی تشکیل سے روکنے کی مہم شروع کی گئی تھی۔

بینی گینٹز اسرائیل کے سابق آرمی چیف ہیں۔ وہ حالیہ ایام میں حکومت کی تشکیل کے لیے جوڑتوڑ میں مصروف رہے ہیں۔ اس میں انہیں کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور وہ دائیں بازو کی دو اہم جماعتوں کو اپنے ساتھ ملانے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ جماعتیں اس سے قبل تین بار حکومت کا حصہ رہ چکی ہیں۔

اسرائیلی صدر رووین ریولین کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آج سوموار کو بینی گینٹز (بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے چیئرمین) کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر مقدمے کی سماعت منگل کو شروع ہونا تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے اسرائیل میں عدالتی سرگرمیاں دو ماہ کے لیے معطل کردی گئی ہیں۔

مزیدخبریں