اسلام آ باد ( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھارت سے کوئی کاروباری مفادات وابستہ نہیں رہے، یہ صرف مخالف سیاسی پروپیگنڈہ ہے، انہوں نے بھارت سے تعلقات نارمل کرنے کی مخلص کوشش کی جس کے مثبت نتائج نہ ملے، موجودہ حکومت نے بھارت خوش کرنے کے لئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کر دیا ، بھارت سے متعدد بار فو ن کاجواب نہ ملا ،کشمیر کے حل کے لئے مودی کی جیت کی دعائیں کرتے رہے، آج تک موجودہ وزیراعظم عمران خان سے کلبھوشن یادیو کا نام نہیں سنا، ان کے معذرت خواہ رویہ سے قوم کی تضحیک ہوتی رہی اورہم بھارت کو خوش کرتے آ رہے ہیں، تسنیم اسلم کے انٹرویو میں سیاسی زاویہ ہو سکتا ہے یہ حقا ئق بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ تسنیم اسلم ایک سینئر سفارتکار رہیں سفارتکاری کے آداب ذمہ دارانہ گفتگو کا تقاضا کرتے ہیں۔