لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔ حکومت وعظ و نصیحت کی بجائے کرونا سے بچائو کے لیے عملی اقدامات پر فوکس کرے۔ اب تک کی صورتحال سے واضح ہو گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں کسی ناگہانی آفت سے نپٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ بہت سی بیماریوں سے دنیا بھر میں روزانہ ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں مگر کرونا کا اتنا خوف و ہراس پھیلا دیا گیا ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں مرنے والوں کی تعداد دن میں درجنوں بار بتائی جاتی ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، باوضو رہیں، پانچ وقت نمازکے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا و استغفار کریں۔ حکومت ہر چھوٹے بڑے ہسپتال میں کرونا کی تشخیص اور علاج کا انتظام کرے صرف چند بڑے شہروں میں علاج کی سہولت دینا چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے کروڑوں عوام نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا میں جماعت اسلامی سندھ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قدرتی آفات اور وبائیں انسانوں کو اپنے خالق کی طرف رجوع کرنے کا پیغام دیتی ہیں۔
مرکزی‘ صوبائی حکومتیں کرونا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں‘ سراج الحق
Mar 17, 2020