لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مقامی عدالت نے سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہباز تتلہ قتل کیس میں گرفتار سابق ایس ایس پی پولیس مفخر عدیل کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روزہ توسیع کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔ ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب نے کیس کی سماعت کی۔ سوموار کے روز پولیس نے سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہباز تتلہ قتل کیس میں مفخر عدیل کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ اس موقع پر شہباز تتلہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے موقف اختیارکیا کہ اسد بھٹی کو رات کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کو تفتیش کیلئے اب مزید وقت دیا جانا چاہئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ منصفانہ ٹرائل کیلئے ملزموں کا مزید ریمانڈ دیا جانا چاہئے جبکہ ملزم کی جانب سے وکیل پیش نہیں ہوا اور نہ ہی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔
شہباز تتلہ کیس: مفخر عدیل کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع‘ پولیس کے سپرد
Mar 17, 2020