لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا سے بچائو کیلئے بروقت حکومتی اقدامات کی گواہی ڈبلیو ایچ او بھی دے رہا ہے۔ تین پڑوسی ملکوں میں کرونا کا اثر نمایاں ہے اس لیے پاکستانی عوام کو بھی ہوشیار رہنا ہو گا۔ کرونا کے خلاف وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں کو بھی ساتھ لیکر چل رہی ہے۔ انشاء اللہ ہم کرونا وائرس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ عوام حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں اور’’پرہیز علاج سے بہتر ہے‘‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی رکن رائے حسن نواز اور رکن طیب چوہدری سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام شاپنگ اور دیگر امور کے لیے بھی مارکیٹوں سمیت زیادہ رش والی جگہ پر جانے سے مکمل طور پرگریز کریں۔ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، احتیاطی تدابیر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک ہو کر اس وائرس کو شکست دیں گے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا ابھی قابو میں ہے۔ عوام کو کرونا جیسے مہلک وائرس سے بچانا اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برداشت نہیں کی جائیگی۔
عوام کو ہر صورت کرونا سے بچانا ہے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں: گورنر
Mar 17, 2020