لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں 3ہزار چینی باشندوں کی سکریننگ ہو چکی ہے۔ تفتان سے آئے لوگوں کو ڈی جی خان میں قرنطینہ میں رکھا ہے۔ پنجاب حکومت ٹیسٹ کی رپورٹ چھپائے گی نہیں۔ کرونا وائرس کا مریض چھپ کر تو نہیں رہ سکتا۔ ہم نے کرونا وائرس سے متعلق 3ہسپتال علیحدہ کر دیئے ہیں۔ جیسے ہی ٹیسٹ رپوٹس آئیں گی۔ وہ شیئر کی جائیں گی۔ ڈی جی خان میں ٹیسٹ میں تاخیر نہیں ہوئی۔ بلوچستان پر اتنے سارے لوگوں کو قرنطینہ کر کے پریشر ڈال دیا گیا ہے۔ پنجاب میں سکول‘ کالجز‘ مدارس‘ رائے ونڈ کا اجتماع بھی پہلے ختم کر دیا گیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اچانک سروسزہسپتال پہنچ گئیں اور کورونا وائرس آئیسولیشن وارڈ کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ میو ہسپتال لاہور میں زیرعلاج کورونا وائرس کے شکار مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر یاسمین راشد نے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کی خاطر پولیس لائینز قلعہ گجر سنگھ میں کورونا آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر صحت نے اس موقع پر جلد ایم ایس کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔
پنجاب حکومت کرونا ٹیسٹوں کی رپورٹ اور مریض نہیں چھپائے گی: یاسمین راشد
Mar 17, 2020