کرونا کی روک تھام کیلئے حامد موسوی کا موقف پوری قوم کی آواز ہے، محسن الحسینی

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)جمعیت علمائے جعفریہ پاکستان کے سربرا ہ حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ سید محسن علی ہمدانی نے کرونا کی روک تھام کیلئے قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے موقف کو پوری قوم کی آواز قراردیا ہے۔منگل کو جمعیت کے مرکزی دفتر میں طلب کیے گئے علمائے کرام کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آقای موسوی کے بقول عوام کو اتنا نہ ڈرایا جائے کہ وہ جنازے چھوڑ دیں۔علامہ محسن الحسینی نے کہا کہ یہ وقت دعا ہے ،ذات الہی سے رحم کی بھیک مانگی جائے،محافل یوم صاد ق آل محمد ؐ اور ایام باب الحوائج کی پرسہ داری میں کرونا سے نجات کیلئے فریادی ماتم کیا جائے کیونکہ کربلا تمام امراض کا شفا خانہ ہے۔انہوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی پرزوردیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل پیرا ہوں ،خدا و رسول ؐ ،پنجتن پاک ؑ ،چہاردہ معصومین ؑ اور پاکیزہ صحابہ کبار کی تعلیمات کی پیروی ، گناہوں سے اجتناب کریں، ارباب اقتدار عوام کی حوصلہ شکنی کرنے کے بجائے ذات واجب پر توکل کرتے ہوئے دعائوں ،مناجات ،نعت خوانی ،قصیدہ خوانی ،مجالس اور دیگر عبادات کی بجا آوری کیلئے عوام کو بھرپور سہولتیں فراہم کریں۔علامہ حسینی نے یہ بات زوردیکر کہی کہ مومنین و مسلمین ہر گز لاوارث نہیں ہیں بلکہ یہ انکا امتحان ہے جس پر پورا اترنے کیلئے کرونا کے موذی مرض کا مقابلہ قوت ایمانی سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ،قتل و غارت گری ،غیبت ،حق تلفی اور خداوندعالم کے حقیقی وسیلوں کا انکار انسانیت کی بربادی کا سبب ہے۔

ای پیپر دی نیشن