پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان ائیر فورس ائیر وار کالج کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پرائیر وائس مارشل ذوالفقار احمد، کمانڈنٹ ائیر وار کالج نےان کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے ائیر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملکی دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار اور قر بانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُبھرتے ہوئے رجحانات کا جائزہ لینا چاہئے اور موجودہ وقت کی مشکلات،درپیش پیچیدہ سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی جنگ میں کو ئی بھی قوت اکیلے کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔ لہذا مشترکہ فوجی طاقت ہی آج کے دور کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ سمندری حفاظتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ نیول چیف نے اپنے دورے کے دوران ائیر وار کالج میں زیرتربیت غیر ملکی افسران سے بھی ملاقات کی۔ پی اے ایف ائیروار کالج ایک اہم ادارہ ہے، جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کواہم کمانڈ اور اسٹاف ذمہ داریوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔