کابل (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔زلمے خلیل زاد قطر میں طالبان سے ملاقات کے بعد گذشتہ روز کابل پہنچے، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی ،قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔زلمے خلیل زاد نے افغان صدر کیساتھ امن عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ملاقات میں زلمے خلیل زاد کیساتھ امن عمل، نئے اقدامات، تازہ ترین سیاسی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا، سیاسی حل اور امن کی کوششوں میں تیزی لانے کے لئے مطالبے کا اعادہ بھی کیا گیا۔ افغانستان میں 2 مختلف واقعات میں طالبان نے حملہ کرکے 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد کو ہلاک کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات میں ڈیم کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حملہ طالبان کی جانب سے کیا گیا‘ تاہم طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب ترجمان صوبائی گورنر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا اور مقابلے کے نتیجے میں 5 طالبان مارے گئے۔ تمام افراد ڈیم پر حملے میں ملوث تھے۔
زلمے خلیل زاد کی افغان صدر اشرف غنی،عبداللہ عبداللہ سے ملاقات
Mar 17, 2021