اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سینئر پارلیمنٹیرینز کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کا اجلاس بروز پیر 22مارچ، 2021سہ پہر 3:30بجے کونسٹیٹیوشن روم، پارلیمنٹ ہاس میں منعقد ہو گا۔ کونسل کا اجلاس وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ اور تحقیق سید فخر امام کی کنوینر شپ میں منعقد ہو گا۔سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل 6 مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقعہ پر غور کرے گی۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کونسل کے حزب اقتدار اور حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ممبران کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کے قیام کے بعد اس کا پہلا اجلاس ہو گا۔سینئر پارلیمنٹیرنز کونسل کا قیام 6مارچ کو پارلیمنٹ ھاوس کے سامنے ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقع کے تناظر میں 10مارچ ، 2021کو عمل میں لایا گیا تھا۔ کونسل 9نکات پر مشتمل ٹی او آرز کے تحت اپنے فرائض سرانجام دے گی ۔ کونسل میں قومی اسمبلی موجود تمام جماعتوں کے سینئر ممبران کو نمائندگی دی گئی ہے جن میں پی ٹی آئی سے سید فخر امام، شفقت محمود، پرویز خٹک، جی ڈی اے سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی سے خالد حسین مگسی، پاکستان مسلم لیگ سے طارق بشیر چیمہ، مسلم لیگ(ن) سے رانا تنویر حسین، سردار ایاز صادق اور چوھدری محمود بشیر ورک شامل ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف، آفتاب شعبان میرانی، متحدہ مجلس عمل پاکستان سے شاہدہ اختر علی، بلوچستان نیشنل پارٹی سے محمد اختر مینگل بھی کونسل کا حصہ ہیں۔سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کونسل کے سیکرٹری جبکہ قومی اسمبلی کا شعبہ قانون سازی کونسل کے سیکرٹریٹ کے فرائض سرانجام دے گا۔
فخر امام کی کنوینر شپ میںسینئر پارلیمنٹیرینز کا اجلاس 22مارچ کو طلب
Mar 17, 2021