اسلام آباد‘ فیصل آباد‘ گجرات‘ جڑانوالہ (وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی‘ آئی این پی ‘ آن لائن‘ نامہ نگار) کرونا وائرس سے58 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد13 ہزار595 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 964 ہوگئی۔24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 511 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 95 لاکھ 65 ہزار 66 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 303 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 5 مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں2672073 ہو گئیں۔ کیسز 12کروڑ 7لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ امریکہ کرونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں548013 ہو گئیں، کیسز 3کروڑ 1لاکھ 38 ہزار سے بڑھ گئے۔ خیبر پی کے حکومت نے 9 اضلاع میں سکولز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ان اضلاع میں چارسدہ‘ مردان‘ صوابی‘ نوشہرہ‘ کوہاٹ‘ ملاکنڈ‘ سوات‘ لوئر دیر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کرونا کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وباء کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مارکیٹوں کی ممکنہ بندش سے متعلق کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کرونا وباء کی تیسری لہر کے پیش نظر پولیس کے تمام سپورٹس ٹریننگ کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کرونا وباء کی تسیری لہر میں تیزی کے پیش نظر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب نے صوبے میں کھیلوں اور ثقافت سمیت دیگر سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبے کے تمام ٹریننگ کالجز‘ فیلڈ فارمیشنز اور دیگر صوبوں کے پولیس سپورٹس بورڈز کو کھیلوں کے مقابلوں کی تربیت اور ٹریننگ کیلئے جاری سپورٹس کیمپس کو فوری بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ قومی کھیلوں اور دیگر مقابلوں میں شرکت کیلئے تیاری کیلئے لگائے گئے تمام سپورٹس ٹریننگ کیمپس بند کر دیئے جائیں اور کیمپس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑی اہلکار واپس اپنی پوسٹنگ والی جگہوں پر رپورٹ کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 مریض انتقال کر گئے جبکہ 241 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 184 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8878 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں 241 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 2.7 فیصد ہے۔ میونسپل کارپوریشن گجرات کے ایم او آر فہد بٹ کا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر شاہدولہ روڈ ‘ گلزار مدینہ روڈ پر 10 دوکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ گزشتہ رات میونسپل کارپوریشن گجرات کے ایم او آر فہد بٹ نے ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ کے حکم پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران شاہدولہ روڈ‘ گلزار مدینہ روڈ پر دس دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ زین العابدین نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور مقررہ وقت کے بعد تک دکانیں و فوڈ پوائنٹس کھولنے پر 2 ریسٹورنٹس اور 7 دکانوں کو سیل کر دیا۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر نے لاک ڈاؤن اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر الائیڈ سکول ‘ پنجاب کالج‘ سپیرئر کالج اور ایسپائر کالج کھرڑیانوالہ کو سیل کرا دیا۔شہر اور گردونواح میں کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سپیرئر کالج، ایسپائر کالج الائیڈ سکول اور پنجاب کالج سمیت 20سے زائدسکولوں جبکہ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں ودیگر مارکیٹوں میں 30 دکانوں کو سیل کرا دیا۔ آن لائن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ زین العابدین نے کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور مقررہ وقت کے بعد تک دکانیں وفوڈ پوائنٹس کھولنے پر 2 ریسٹورنٹس اور 7 دکانوں کو سیل کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر عمر مقبول نے کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 10سکولوں کو سیل کرادیا۔ اے بلاک میں واقع نجی اکیڈمی کی تین طالبات کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ اکیڈمی کرونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تاحال اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کوئی کارروائی عمل میں نہ لائے جانے کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن کے تقریباً پچیس ہزار نئے کیسز رجسٹر کئے گئے۔ یہ مسلسل چھٹا دن ہے کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں نئے کرونا کیسز کے روزانہ تعداد بیس ہزار سے زائد رہی ہے۔