اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آف ائر سٹاف ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف سے ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ائر چیف مارشل کے طویل اور شاندار کیرئر کے دوران قوم کے لئے ان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔ بری فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان کی شاندار کاوشوں اور جرات مندانہ قیادت کی بدولت آج دنیا میں پاک فضائیہ کا کوئی ثانی نہیں۔ اس سے قبل ائر چیف کی جی ایچ کیو آمد پر انہیں یادگار شہدا پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دریں اثنا پاکستان ائر فورس کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انوار خان نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے ائر چیف کے شاندار کیرئر کے دوران پی اے ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ پر ان کے کردار کو سراہا۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قومی مفادات کے تحفظ میں آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔