اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی ‘این این آئی) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ ہمت کرکے پاکستان آئیں، ہم ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کریں گے۔ ایک بیان میں پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استعفے وہ مانگ رہے ہیں جن کا سسٹم میں کوئی حصہ ہی نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی استعفوں والا کام نہیں کرے گی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان استعفوں پر لگے ہیں، ان کا کوئی سٹیک ہی نہیں ہے۔ جس مقصد کے لیے الیکشن کمشن بنایا گیا، وہ پورا نہیں کر سکے تو استعفیٰ دیدیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ متنازع الیکشن کمیشن کام کرے۔ اگر الیکشن کمیشن نے استعفیٰ نہیں دیا تو توہین عدالت کی پروسیجر کے لیے عدالت جائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کرسکتی ہے۔ پی ڈی ایم کے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فضل الرحمان اور مریم نواز کو ہر صورت فیصلہ کرنا ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کا پاسپورٹ زائد المیعاد (ایکسپائر) ہوچکا ہے، اس لیے وہ کسی قیمت پر بھی پاکستان نہیں آسکتے۔ وزیرداخلہ نے پیش کش کی کہ اگر نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت خصوصی سرٹیفیکٹ جاری کرسکتی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے نوازشریف دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پی ڈی ایم سیاسی یتیموں کا گروہ قرار دے دیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ جیسے لوگ کہہ رہے ہیں کہ استعفے دے دیں۔ وہ تمام لوگ جن کا سسٹم میں کوئی حصہ ہی نہیں وہ استعفوں کا کہہ رہے ہیں۔ پی پی اور (ن) لیگ اس چوں چوں کے مربے میں بڑے ہیں۔