پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) سینئر کشمیری راہنما اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کے متحرک ممبر مرزا قاسم جرال نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تا کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے، کشمیریوں پر مظالم بندکرے، نیز کشمیرپر اپنا غیرقانونی قبضہ ختم کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہو۔ انھوں نے کہاکہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے کشمیریوں کے خلاف اس جارحانہ و ظالمانہ رویئے پر خاموش ہیں۔
مرزا قاسم جرال نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرواکر جموں و کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کروائے تاکہ کشمیر کے لوگ اپنی مرضی کے مطابق اپنے خطے کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزاد ماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔