لاہور، (بزنس رپورٹر) پی آئی اے نے لاہور اور کراچی سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا۔ پی آئی اے کی بیک وقت دو پروازیں 340 مسافر لے کر باکو پہنچ گئیں۔ ایک پرواز کراچی سے جبکہ دوسری پرواز لاہور سے روانہ ہوئی۔ لاہور اور کراچی ائر پورٹ پرمنعقدہ تقاریب میں کیک کاٹے گئے اور مسافروں میں پھول اور تحائف تقسیم کئے گئے۔پی آئی اے وزیر اعظم پاکستان کے سیاحت کے فروغ کے وژن کے تحت اور وسط ایشیائی ریاستوں کیساتھ دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے ان پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ باکو ائیرپورٹ پر آذربائیجانی وزیر ٹرانسپورٹ، سول ایوی ایشن کے سربراہان، ازال ائیر و باکو ائیرپورٹ کے صدور اور پاکستان کے سفیر محترم نے پہلی پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا۔باکو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے قومی پرچم بردار طیارے کو واٹر گن سلوٹ بھی پیش کیا گیا۔باکو ائیرپورٹ پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی اور آذربائیجانی حکام کی جانب سے پی آئی اے کی ستائش کی گئی اور پاکستانی محبت کے جذبے کو سراہا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں میں باکو ایک اہم سیاحتی مقام ہے اور پی آئی اے نے سیاحوں کو سفر کی براہ راست سہولیات کی فراہمی کیلئے یہ پروازیں شروع کی ہیں۔ پاکستانی سفیر محترم بلال حئی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائجان باہمی محبت اور برادرانہ رشتے سے منسلک ہیں اور پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز سے دوستانہ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف بھی افتتاحی پرواز میں لاہور سے باکو کیلئے روانہ ہوئے۔ علاوہ ازیں کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز کے مسافروں کو ڈسٹرکٹ مینیجر کراچی، محترمہ نائلہ اور سٹیشن مینجر احمد عالم اور دیگر افسران نے رخصت کیا۔ کراچی میں بھی کیک کاٹا گیا اور تحائف تقسیم کئے گئے۔
اہم سیاحتی مقام باکو سے پروازیں شروع کیں ہیں: ائر مارشل ارشد ملک
Mar 17, 2022