اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اجلاس میں کرونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شادی، انڈور ڈائننگ سمیت مارکیٹوں میں عائد پابندیاں بھی اٹھالی گئی ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ ملک میں کرونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔70 فیصد افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کرونا فری ہونے کے قریب ہے، وبا ختم نہیں ہوئی۔ ختم ہونے کے مراحل میں ہے۔ سربراہ این سی او سی نے کہا کہ انتہائی تشویشناک حالت کے مریضوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ بعدازاں اپنے ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا کہ شہریوں کو پابندیوں سے بچنے کیلئے مکمل ویکسی نیشن کرونا لازم ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 4 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ 493کیسز سامنے آئے ہیں، مزید1 ہزار 3 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 42 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کرونا وائرس کے17 ہزار512 زیرِ علاج مریضوں میں سے 567 کی حالت تشویش ناک ہے۔
کرونا کیسز میں مسلسل کمی ، معمول کی زندگی کیطرف جانے کا فیصلہ ، تمام پابندیاں ختم : این سی او سی
Mar 17, 2022