لاہور (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کو سیاسی، جمہوری اور آئینی انداز میں لینا چاہیے۔ ملک میں اچھا ماحول برقرار رکھنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ جو کچھ ہو گا پارلیمان کے اندر ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک ایسے دوراہے پر ہے جہاں کسی کی ذرا سی غلطی ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ پاکستان میں انتشار یا خلفشار پھیلانا ملک دشمنی ہو گا۔ ہاؤس ہی کسی کے وزیر اعظم رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ کرے گا۔ پروقار طریقے سے اقتدار چھوڑنا بھی اعلی ظرفی ہوتی ہے۔ حکومت ریڈ لائن عبور کرنے کی بجائے عدم اعتماد کا مقابلہ کرے۔