قلعہ دیدار سنگھ(چوہدری حسیب پندھیر سے ) قلعہ دیدار سنگھ، لدھیوالہ وڑائچ،مغل چک،قلعہ میاں سنگھ،پپناکھہ ساہنکے،مغل چک، دھاڑیوال سے ملحقہ گرین زون میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائیٹوں کی بھر مار ہونے سے کھیت غائب ہونے لگے ۔ مستقبل میں زرعی اجناس کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔ محکمہ جی ڈی اے کے ذمہ داران خاموش تماشائی بن گئے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہاوسنگ سوسائٹیوں کے قواعدو ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ جی ڈی اے سے بیشکی اجازت اور منظوری لی جاتی ہے جبکہ گرین زون ایریا کو مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ زرعی اجناس کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے ،محکمہ ہاوسنگ کی جانب سے ساڑھے اٹھائیس ایکڑ سے کم رقبے پر ہاوسنگ کالونی کی منظوری نہیں دی جاتی اس کے علاوہ بنائی جانے والی ہاوسنگ کالونی کے لئے بجلی، گیس، سیوریج، پبلک پارک، مسجد اور قبرستان سمیت ماسٹر پلان کا اجرا عوام کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوتا ہے جبکہ بلڈرز مافیا محکمہ جی ڈی اے حکام اور متعلقہ پٹواریوں کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے گرین زون پر ایک سے دو ایکڑ رقبے کو پلاٹوں میں تبدیل کر کے بغیر سہولیات کے ہاوسنگ کالونیوں کے نام پر فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کے پلاننگ کے تحت ہاوسنگ پراجیکٹ کی اجازت دی جائے اور زرعی زون کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
قلعہ دیدار سنگھ: ہائوسنگ سوسائیٹوں کی بھر مار،زرعی اراضی غائب ہونے لگی
Mar 17, 2022