کوئٹہ(بیورو رپورٹ)صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند نے کہا ہے کہ سیاسی و سماجی فیصلہ سازی میں خواتین سمیت تمام محروم طبقات کی مساوی نمائندگی کے لئے کثیر الجہتی اقدامات ناگزیر ہیں پارلیمانی و لوکل باڈیز نظام حکومت میں خواتین، خصوصی افراد ، ٹرانس جینڈر اور نوجوانوں کی نمائندگی پائیدار ترقی کی علامت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ڈی آئی پاکستان کے زیر اہتمام صنفی و نسلی مساوات سے متعلق مکالمہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمی یعقوب نے ایس ڈی جیز کے تناظر میں عالمی معاہدات اور قانون سازی و اقدامات پر روشنی ڈالی صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند نے کہا کہ ملک کی باصلاحیت خواتین نے پوری دنیا میں اپنی سیاسی و سماجی حیثیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مخصوص نشستوں کے علاوہ بھی خواتین کو جنرل نشستوں پر براہ راست انتخابی عمل کا حصہ بننا چائیے۔ پروگرام کے اختتام پر صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند اور ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمی یعقوب نے شرکائمیں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔