اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل ریٹائرڈ بشیر صالحی مگاشی نے بدھ کو یہاں وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نائیجیریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ مستقبل میں ان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افریقہ کے لیے پاکستان کا وژن تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کو بڑھا کر مضبوط، قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینا اور مشترکہ منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا قیام ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کا بھرپور تجربہ ہے، اس لیے اعلی افسران، فوجی وفود کا تبادلہ دونوں ریاستوں کے لیے سود مند ہوگا۔وفاقی وزیر نے آئیڈیاز میں نائجیریا کی فضائیہ کی باقاعدہ شرکت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ میجر جنرل ریٹائرڈ بشیر صالحی مگاشی کی قیادت میں دورہ کرنے والے وفد نے پرتپاک استقبال اور نیک تمناوں پر معزز وزیر اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نائیجیریا کی حکومت اور اس کے عوام دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط سے مضبوط تر ہوتے دیکھ کر خوش ہوں گے۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزرائے دفاع ملاقات
نائیجیرین وزیر دفاع میجر جنرل ریٹائرڈ بشیر صالحی مگاشی کی پرویز خٹک سے ملاقات
Mar 17, 2022