کراچی: چھیپا ایمبولینس سے حادثہ، لڑکی کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں، ڈرائیور فرار

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں چھیپا ایمبولینس سے حادثے کے نتیجے میں جواں سال لڑکی شدید زخمی ہو گئی اور  اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حادثے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔سڑک عبور کرنے کی کوشش کرتی ہوئی لڑکی کو تیز رفتار چھیپا ایمبولینس نے برے طریقے سے ٹکر مار دی۔حادثہ اورنگی ٹائون کے علاقے خیر آباد میں پیش آیا، ڈرائیور نے اسی ایمبولینس میں لڑکی کو اسپتال پہنچایا۔حادثے کے ذمے دار ایمبولینس ڈرائیور نعمان نے عباسی اسپتال کے ڈاکٹر کو بیان دیا کہ لڑکی کو تیز رفتار منی بس کچل کر فرار ہوئی ہے۔خوفناک حادثے میں لڑکی کو شدید چوٹیں آئیں، اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔غریب خاندان کی زخمی لڑکی اسپتال میں بے یارو مددگار پڑی ہے، جس کے اہلِ خانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر امداد کی اپیلیں کی گئی ہیں۔چھیپا کے ترجمان کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں چھیپا کے مددگاروں نے مذکورہ لڑکی کو طبی امداد دلوائی ہے۔دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے چھاپہ مار کر حادثے میں ملوث ایمبولینس برآمد کر لی، جس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
ایمبولینس حادثہ

ای پیپر دی نیشن