گیند بہت پرانی ہوگئی‘  پچ بھی بولرز کے لئے مددگار تھی‘  محمد رضوان

کراچی(آئی این پی)قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاتھ میں صرف محنت کرنا ہے جو ہم نے کی اور اس کا صلہ ہمیں مل گیا۔قومی ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں مسلسل پانچ سیشنز کھیلنا بہت بڑی بات ہوتی ہے اور پھر دنیا کی نمبر ون ٹیم کے خلاف کھیلنا آسان کام نہیں ہوتا جب کہ یہی وہ میچ ہے جس سے ہماری ٹیم نے آگے اٹھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے بھی اپنی پوری کوشش کی اور ہمیں لگ رہا تھا کہ مہمان ٹیم کسی نہ کسی موقع پر کم بیک ضرور کرے گی جس کے لیے انہوں نے بھرپور کوششیں کیں اور آخری اوور تک وہ ہمت نہیں ہارے جس سے ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اننگز کے درمیان میں میری کپتان بابراعظم کے ساتھ بھی بات چیت ہوتی رہی ہے اور ایک وقت میں ہم نے میچ جیتنے کا پلان بھی بنایا لیکن گیند بہت پرانی ہوگئی تھی اور پچ پر بھی بولرز کو مدد مل رہی تھی لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سب کچھ چلتا رہتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ ہمارے کوچ نے واضح پیغام دیا کہ آپ نے بہادری سے کھیلنا ہے ، پہلی اننگز میں 148 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق کی بہادرانہ اننگز اور بابراعظم کی ذمہ دارانہ اننگز سب کچھ آؤٹ کلاس تھا جب کہ ہم نے صرف اپنی محنت کی باقی ہر کام اللہ کی مرضی سے ہوتا ہے۔بابراعظم کی اننگز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ اس میں تو کوئی شک نہیں کہ وہ دنیا کے نمبر ون بلے باز ہیں اور آج انہوں نے ایک بار پھر یہ ثابت بھی کردیا جب کہ ہماری شراکت کی اصل وجہ آپس کی کمیونیکیشن ہوتی ہے ، جو ہمارے درمیان بہت اچھی رہتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن