اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں کرونا کیسز کچھ بڑھنے لگے ہیں۔ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 129کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 14 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار 334کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 129 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے باعث کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 2.98فیصد رہی اور اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 14 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں کئے گئے کرونا ٹیسٹ اور مثبت کیسز کے حوالے سے لاہور میں 523 ٹیسٹوں میں 43 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر شرح 8.22 فیصد رہی۔ اسی طرح اسلام آباد میں 333 ٹیسٹوں میں 14 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور شرح 4.20 فیصد رہی اور راولپنڈی میں 225 ٹیسٹوں میں سے 3 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور شرح 1.33 فیصد رہی۔ دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کرونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرونا کا نیا ویرینٹ دنیا بھر میں دوبارہ پھیل رہا ہے۔ 30 اپریل تک رش والی جگہوں پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ ہسپتالوں اور دیگر ہیلتھ کیئر سینٹرز میں بھی ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔
کرونا کیسز پھر بڑھنے لگے ، نئی قسم کے پھیلا ئو کا خطرہ ہے ، این او سی
Mar 17, 2023