لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن، قبائلی اضلاع سمیت خیبرپی کے کے مختلف علاقوں میں لوگ شدید عدم تحفظ کا شکار، کرپشن عام، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی نیندیں اڑا دیں۔ معیشت وینٹی لیٹر پر اور قوم لاوارث ہو چکی ہے۔ حکمران جماعتیں مفادا ت کے لیے بجنگ، انہیں کرسی کے علاوہ اور کچھ دکھائی نہیں دیتا، ملک کو درپیش مسائل کی کلی ذمہ دار پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا ہے، حکمرانوں کی انتہا درجے کی خودغرضی اور گھٹن کے ماحول میں عوام ڈپریشن کے مریض بن گئے، گہری ہوتی اندھیری رات میں جماعت اسلامی امید کی کرن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمرباغ لوئر دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان بستر مرگ پر ہے۔ ہمارے پاس اہل اور ایماندار قیادت ہے، ہم پاکستان کو کرپشن فری بنائیں گے اور سودی نظام کا خاتمہ کر کے قومی معیشت کو مضبوط کریں گے، ملک کی قرضوں سے جان چھڑائیں گے، لوگوں کو انصاف دہلیز پر ملے گا، ہم تعلیم اور صحت کے نظام میں اصلاحات لائیں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ آزمائے ہوئے مہروں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔