مقبو ضہ کشمیر : بھارت دشمن سر گر میوں کے الزام میں 47کشمیری ملازمت سے بر طرف

Mar 17, 2023


سرینگر، جموں (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میںبھارتی  لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا نے اعتراف کیاہے کہ بھارت  دشمن سرگرمیوں کے الزام میں 47کشمیریوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ جموں یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مضحکہ خیز دعوی کیا کہ میں نے ایک روز قبل عسکریت پسندوں کو نوکریاں دینے کے بارے میں جو بیان دیا تھا وہ حقائق پر مبنی تھا کیونکہ بہت سے لوگوں کے خلاف پہلے ہی کارروائی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پچھلی حکومتوں نے دہشت گردوں اور ان کے خاندانوں کو ملازمتیں فراہم کیں۔ جبکہ جنوبی کشمیر میں ایک بھارتی پولیس کانسٹیبل نے خودکشی کر لی ہے۔ انڈین ریزرو پولیس کی 18ویں بٹالین کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل عمر فاروق نے ضلع  اسلام آبادکے علاقے ہیلر میں اپنی سروس رائفل  سے گولی مار کرخودکشی کی۔دوسری جانب  نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو دبانے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اپنا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

مزیدخبریں