بجلی مزید 3.23روپے یونٹ مہنگی بہتری نہیں آسکتی چوری بڑھے گی : چیئر میں نیپرا

Mar 17, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 23 پیسے تک اضافے کی منظوری دیدی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی بجلی پر سر چارج  3روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست پر پاور ڈویژن حکام پر برہم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت مکمل ہو گئی۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 23 پیسے تک اضافے کی ابتدائی منظوری دے دی گئی ہے۔ نیپرا بجلی قیمتوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے بعد اضافے کا بوجھ ملک کے تمام صارفین پڑے گا۔ نیپرا اتھارٹی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی درخواست کی منظوری کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ چیئرمین نیپرا نے کہا آئندہ سال کے لیے سر چارج کی اتنی جلدی کیوں ہے؟۔ عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں۔ چئیرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ اس سرچارج سے سرکلر ڈیٹ کا فلو کنٹرول ہوگا یا 2600 ارب کا سٹاک بھی کم ہوگا؟۔ عوام کو بتائیں کہ جو مونسٹر جمع ہوا ہے وہ کہیں نہیں جارہا۔ پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ 209 ارب روپے جو مانگ رہے ہیں اس سے سرکلر ڈیٹ کا فلو کم ہوگا۔ گزشتہ سال سرکلر ڈیٹ 536 بڑھا تھا،  تین سو پینتیس ارب روپے میں 126 ارب پی ایچ ایل مارک اپ کے لیے ہے۔ چئیرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ مارک اپ کے بعد بجلی کی قیمت 38 روپے یونٹ تک ہوجائے گی۔ جب بھی قیمت بڑھے گی تو بجلی کی طلب کم ہوگی اور چوری بڑھے گی۔ جس سمت میں ہم چل رہے تو پاور سیکٹر میں بہتری نہیں آئے گی۔ ممبر نیپرا نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے کے لئے وزارت کے پاس کوئی پلان ہی نہیں۔  پھر سرکلر ڈیٹ 3ہزار ارب تک پہنچ جائے گا۔ آپ کے پاس کوئی اسسمنٹ نہیں ہے کہ قیمتیں بڑھنے سے انڈسٹری پر کیا اثر ہوگا۔ نیپرا نے کچھ دن پہلے  ہی3 روپے 39 روپے کا سر چارج لگایا تھا۔ نیپرا کے ممبرِ سندھ رفیق شیخ نے کہا کہ عوام کو بوجھ تلے دبا دیا، بجلی کی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں۔ نیپرا حکام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سر چارج میں اضافے کی نئی درخواست دی ہے، پہلے آئندہ مالی سال کے لیے ایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج اضافے کی درخواست تھی، اب یہ سر چارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے، نئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پہلے منظور شدہ سر چارج سے ضرورت پوری نہیں ہو سکتی۔ ممبرِ نیپرا خیبر پختون خوا مقصود انور نے سوال کیا کہ کل مزید سر چارج بڑھانے کے لیے اور درخواست لے آئیں گے۔ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ ہمارے پاور سیکٹر کے مسائل گمبھیر ہیں، گردشی قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
بجلی مہنگی 

مزیدخبریں