لاہور (نامہ نگار) بھگت پورہ میں امی، ابو کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جانے والا 5سالہ بچہ کٹی پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے جاںبحق ہو گیا ہے۔ بچے نے باپ کے ہاتھوں میں تڑپ تڑپ کر دم توڑا۔ جگر کے ٹکڑے کی نعش دیکھ کر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ اہل علاقہ کی پتنگ بازوں کو بد دعائیں۔ جبکہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ بھگت پورہ، مکہ چوک کا رہائشی چاند اپنی بیوی اور 5 سالہ بیٹے علی حید رکے ساتھ موٹرسائیکل پر گھر آرہا تھا۔ بچہ موٹر سائیکل پر آگے ٹینکی پر بیٹھا تھا کہ اچانک کٹی پتنگ کی ڈور بچے کے گلے پھر گئی۔ جس پر بچے نے چیخ ماری اور اس کے گلے سے خون کا فوارہ ابل پڑا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ پولیس نے مقتول بچے کے والد چاند علی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے دشمن سفاک ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے دھاتی و کیمیکل ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔
ڈور؍ ہلاک