لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف جمعیتِ علمائِ اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات، اس موقع پر وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود اور دیگر موجود تھے۔ وزیرِ اعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کی خیریت دریافت کی، انکی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جے یو آئی کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی۔ جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔ علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی اعلی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ان کو یکساں ترقی کے موقع فراہم کر رہی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطاق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی تعلیم و تدریس، یونیورسٹی آف لندن کی پرو وائس چانسلر پروفیسر میری ستیاسنی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور متعلقہ اعلی حکام کی بھی شریک تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ کی خیریت اور ان کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں سندھ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال اور قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف