کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروباری حصص اتار چڑھاؤ کا شکار رہا اور مارکیٹ کا اختتام منفی زون میں ہوا۔ مارکیٹ سرمائے میں 33ارب روپے سے زائد کی کمی ہوگئی البتہ کاروباری حجم بدھ کی نسبتاًعشاریہ06فیصد زائد رہا۔ گزشتہ روز شیئرز مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا اور کاروبار میں تیزی کے سبب انڈیکس250پوائنٹس کے اضافے سے42100کی سطح کو عبور بھی کرگیا لیکن ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست خارج ہونے اورناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رہنے کی خبروں سے سرمایہ کاروں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لئے بلکہ اپنے پاس موجود شیئرز منافع ملنے پر فروخت کرنا شروع کردیئے جس کی وجہ سے انڈیکس233پوائنٹس خسارے پر چلا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پرمنفی کی شدت میں معمولی کمی ہوئی۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹیلی کام،سیمنٹ،پراپرٹیز،کمیونیکیشن سمیت دیگر کمپنیوں کے حصص میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ42ہزار123 پوائنٹس تک پہنچ گئی تھی تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر شیئرز کی فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس41600پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا۔گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 179.95پوائنٹس گھٹ کر41694.09پوائنٹس رہ گیا اسی طرح 70پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 15518.24پوائنٹس ، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 101.60پوائنٹس کم ہوکر27308.09 پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس521.92پوائنٹس کی کمی کے بعد71969.54پوائنٹس پربند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں مندی،سرمائے میں 33ارب روپے سے زائد کمی
Mar 17, 2023