کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈجیٹل مردم شماری اور سندھ کے تحفظات کے موضوع پر پیپلز پارٹی سندھ کی میزبانی میں ملٹی پارٹیز کانفرنس آج(جمعہ) ہوگی، جس میں شرکت کے لئے تمام جماعتوں کو مدعو کرلیا۔ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی جانب سے پیپلز پارٹی سندھ کو ملٹی پارٹیز کانفرنس کے لئے اجازت نامہ (این او سی) جاری کردیا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کانفرنس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو اجازت نامے کی درخواست کی تھی۔کانفرنس کے لئے ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، مسلم لیگ فنکشنل، جے یو آئی، اے این پی، سنی تحریک، سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو دعوت دے دی گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملٹی پارٹیز کانفرنس کی صدارت پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کرینگے جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی شرکت کریں گے۔کانفرنس میں شرکت کے لئے قوم پرست رہنماں صنعان قریشی، ڈاکٹر قادر مگسی، ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر رہنماں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جبکہ کانفرنس میں سول سوسائٹی، ادیب، دانشور بھی شرکت کریں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ ڈجیٹل مردم شماری پر سندھ کو خدشات ہیں کانفرنس میں مردم شماری کے معاملے پر مختلف سیاسی مذہبی و قوم پرست رہنماں کے نقطہ نظر کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔ ادھر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پیپلز پارٹی کی بلائی ہوئی کثیرالجماعتی کانفرنس کو ٹوپی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے رد کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے 17 مارچ کو بلوائی گئی ملٹی پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ موصول ہوا لیکن جی ڈی اے نے باہمی مشاورت کے بعد کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ ڈجیٹل مردم شماری کے خلاف پرامن جدوجہد کو سبوتاژ کرنے لئے پیپلزپارٹی نے ملٹی پارٹیز کانفرنس کا ڈرامہ رچایا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اب ایم کیو ایم کے ساتھ یہ چوہے بلی کا کھیل بند کرے۔
پی پی کانفرنس آج
پیپلزپارٹی کی مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس آج
Mar 17, 2023