عمران خان مسلسل عدالتی نظام کو چیلنج کر رہے : شرجیل میمن


کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جانوں کے نذرانے دیئے، کبھی عدالتوں پر حملہ نہیں کیا، عمران خان مسلسل عدالتی نظام کو چیلنج کر رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالت نے ابھی صرف آپ کو بلایا ہے فیصلہ تو ہوا ہی نہیں۔ انصاف اور قانون کا جنازہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عمران خان چاہتا ہے ملک کو انارکی کی طرف لے کر جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ریلی کے لیے اس کے پاس وقت ہے۔ عمران خان ہر ریلیف کے لیے جاتا بھی عدالت کے پاس ہے، وہ مسلسل عدالتی نظام کو چیلنج کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے غیر آئینی آرڈر پر جانوں کے نذرانے دیئے۔ کبھی عدالتوں پر حملہ نہیں کیا۔ فریال تالپور کو عید کی رات جیل بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ آپ پیغام دے رہے ہو آپ ریاست سے زیادہ مضبوط ہو۔ آپ کہہ رہے ہو باہر نکلو مقابلہ کرو۔ آپ سیاسی جماعت سے مسلح گروپ کی جانب جا رہے ہو۔ آپ نے اس ملک کے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا ہوا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کا صدر کہہ رہا ہے، عدالتیں انتقامی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ یہ روایتیں جاری رہیں، تو یہاں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ حکومت کی شرافت کو آپ کمزوری سمجھ رہے ہو۔

ای پیپر دی نیشن