سندھ ‘پنجاب سسٹر اسٹیٹ‘ نیویارک اسمبلی میں بدھ کو  اہم قرارداد پیش ہوگی

Mar 17, 2024

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کی ریاست نیویارک کی اسمبلی میں پاکستان کیلئے اہم قرارداد اس ماہ کی 20 تاریخ کو پیش کی جائے گی۔اس قرارداد میں نیویارک کو سندھ اور پنجاب کی سسٹر اسٹیٹ بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس سسٹراسٹیٹ کا درجہ دینے سے متعلق یہ قرارداد پیش کریں گے، روشن امکان ہے یہ قرارداد فوری طورپر منظور کرلی جائے گی۔قرارداد نیویارک اسمبلی میں پیش کرنے کیلئے خاص طورپر مارچ کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ 23 مارچ 1940 کو قرارداد لاہور جسے قرارداد مقاصد اور قرارداد پاکستان بھی کہا جاتا ہے پیش کی گئی تھی۔اب نیویارک کو پنجاب اور سندھ کی سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق اس قرارداد کی منظوری سے امریکی ریاست اور پاکستان کے ان دونوں صوبوں کے درمیان تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھیگا۔نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس اس ضمن میں نومبر 2023 میں پاکستان کا دورہ بھی کرچکے ہیں ۔اسی دورے میں سندھ اور پنجاب کی نگران حکومتوں نے فل راموس کے دورے کو سراہتے ہوئے آمادگی ظاہر کی تھی کہ نیویارک اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کے بعد ان صوبوں کی اسمبلیوں میں بھی ایسی ہی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

مزیدخبریں