نیو یارک (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی دوسری قرارداد منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنرل اسمبلی میں اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے قرارداد پیش کی تھی، قرارداد کے حق میں115 ووٹ پڑے، کسی نے مخالفت نہیں کی جبکہ44 ارکان ووٹنگ کے عمل کے دوران غیر حاضر رہے۔ قرارداد میں اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کا سب سے بڑا ثبوت اسرائیل کا فلسطین پر حملہ ہے۔ خصوصی ایلچی کی تعیناتی کا مقصد اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات شروع کرنا ہے۔ دریں اثناء پاکستان نے جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے اقدامات کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد پاکستان نے او آئی سی کی جانب سے جنرل اسمبلی میں پیش کی۔ جنرل اسمبلی نے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک‘ دشمنی اور تشدد پر اکسانے کی مذمت کی۔ مسلمانوں کی قرآن پاک کی بے حرمتی کے بڑھتے واقعات‘ مساجد‘ مزارات پر حملوں کا سامنا ہے۔ دنیا بھر میں منفی تصورات‘ نفرت اور تشدد کے واقعات میں اسلامو فوبیا ظاہر ہوتا ہے۔ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تقرری کے مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسلامو فوبیا کی لعنت سے نمٹنے کیلئے اپنی نوعیت کی یہ پہلی تقرری ہو گی۔ قرارداد میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی دن کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ، اسلامو فوبیا کیخلاف پاکستانی قرارداد کثرت رائے سے منظور، دفتر خارجہ کا خیر مقدم
Mar 17, 2024