اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) کی مقامی عدالت نے 10 سال بعد سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے سابق چیف جسٹس کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے ہرجانہ کا دعویٰ خارج کر دیا۔ 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر جنوری 2015ء میں افتخار محمد چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ عمران خان نے درخواست دائر کیے جانے کے بعد ہرجانے کا کیس لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ہتک عزت کا دعویٰ چھ ماہ 24 دن بعد 20 جنوری 2015ء کو دائر ہوا لیکن 2002ء کے قانون کے مطابق ہتک عزت کا دعویٰ 6ماہ کے اندر دائر کرنا ضروری ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ قانونی طور پر توہین آمیز بیان کے چھ ماہ کے اندر دعویٰ دائر نہیں کیا گیا لہٰذا اس بنیاد پر سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا دعویٰ خارج کیا جاتا ہے۔
عمران کے خلاف افتخار چودھری کا 20 ارب ہرجانے کا دعویٰ خارج
Mar 17, 2024