اسلام آباد (آئی این پی +اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کے قریب کشتی حادثے اور لیبیا واقعات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ محسن نقوی نے ڈی جی ایف آئی اے کو اب تک کی گئی تمام کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھنانے کاروبار میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، یونان کشتی حادثہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا، کئی ماوں کی گود اجڑی۔ محسن نقوی نے کہا کہ یونان کشتی حادثہ کے اصل ملزمان کو کیفر کردارتک پہنچانا ہوگا، سہانے خواب دکھا کر غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے کاروبار میں ملوث عناصر کی جگہ جیل ہے۔