سعودی ولی عہد کا فون، تعلقات کو سٹرٹیجک شراکت میں تبدیل کرنے کیلئے پرامید: وزیراعظم

اسلام آباد+ مکہ مکرمہ (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے ہفتہ کو مبارکباد کا ٹیلی فون کیا۔ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیلی فون کال کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد بھیجے گئے مبارکباد کے پُرجوش پیغام پران کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے الحرمین الشریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے فرمانروا اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت کے ساتھ ساتھ سعودی عوام کو بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی لائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی غیر متزلزل عزم اور حمایت پر سعودی عرب کی تعریف کی۔ محمد شہباز شریف نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام شاہی عظمت کے پُرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک میں قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان کیلئے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرامید ہوں تاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے وسیع اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو ایک جامع سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔ نمائندہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مراسم کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات میں میاںشہباز شریف کو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ملکی مجموعی، سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ حسان ارکان قومی اسمبلی محمد عثمان اویسی اور عبدالغفار وٹو کی الگ الگ ملاقات کی۔ انہوں نے حلقوں کے امور اور ملکی مجموعی و سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صوبائی وزیر سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ملاقات کی۔ 

ای پیپر دی نیشن