شمالی وزیرستان چیک پوسٹ: بارودی گاڑی ٹکرا دی، خودکش حملے، فائرنگ

Mar 17, 2024

شمالی وزیرستان چیک پوسٹ: بارودی گاڑی ٹکرا دی، خودکش حملے، فائرنگ
شمالی وزیرستان چیک پوسٹ: بارودی گاڑی ٹکرا دی، خودکش حملے، فائرنگ

اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت سات فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 مارچ کی صبح، چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ میں ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ نتیجے میں پانچ مادر وطن کے بہادر بیٹوں کی شہادت ہوئی، شہداء میں حوالدار صابر، نائیک خورشید سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران، لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں سکیورٹی فورسز نے مثر طریقے سے جوابی کارروائی کی اور تمام چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سامنے سے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے بہادری سے مقابلہ کیا اور لڑتے ہوے قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گرد حملوں سے قیمتی فوجی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ بھی اظہارِ ہمدردی کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں فوجی جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی۔ ہفتہ کو جاری بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملہ ایک بزدلا نہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی، کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوانوں کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوانوں کی شہادت پر نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں سے سینچے گئے چمن پر کوئی میلی آنکھ نہیں ڈال سکتا۔ حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے عفریت کو پہلے بھی شکست دی تھی اور اب بھی اسے نیست و نابود کریں گے۔

مزیدخبریں