لاہور(نامہ نگار+نگار)پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سنٹرل پولیس آفس اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے درمیان براہ راست کوارڈینیشن مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ورکنگ ایس او پیز کے ایم او یو پر دستخط کئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں پولیس اور پراسیکیویش سمیت تمام اکائیوں کا اہم اور مساوی کردار ہے، اجلاس میں گذشتہ 4 سال کے زیر التوا کیسز کے چالانون کی تکمیل کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ فرہاد علی شاہ نے کہا کہ اگلے 14 دن میں چالان مکمل کرنے کیلئے پراسیکیوٹرز کی سپیشل ٹیم فراہم کریں گے، زیر تفتیش کیسز میں تاخیر کا باعث بننے والی خامیوں کو مشترکہ کوششوں سے دور کریں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوٹرز پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں زیر تفتیش کیسز کے چالان پر مل کر کام کریں گی، پی آئی ٹی بی زیرتفتیش کیسز کا ڈیٹا سوفٹ ویئر میکانزم پر اپ ڈیٹ کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔فنکشنز سپیشلائزیشن اور پراسیکیویش کنڈکٹ کیلئے پولیس اور پراسیکیوٹرز کے سیمینار منعقد کروائے جائیں گے، انوسٹی گیشن ونگ میں ورک لوڈ کم کرنے کیلئے پروموشن سے ہیومن ریسورس کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔