لاہور(نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ آلائیڈ ویژن سائنسز کے زیر اہتمام کالا موتیا سے متعلق آگاہی کیلئے گلوکوما واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی پروفیسر محمد معین، رجسٹرار کے ای ایم یو پروفیسر سید اصغر نقی، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر حماد ایوب، پروفیسر اسد اسلم خان، پروفیسر جاوید چوہدری صدر او ایس پی اور دیگر ماہرین امراض چشم کی شرکت۔ واک کا مقصد عوام میں کالا موتیا کے بارے میں شعور اور آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ کالا موتیا ایک ایسی بیماری ہے جو بینائی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ لہٰذا کالا موتیا کی بروقت تشخیص اور علاج سے بینائی کے نقصان کو روکا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق میو ہسپتال کی 8 منزلہ بلڈنگ مرمت اور بحالی کے آخری مراحل میں ہے جہاں پر ایک ہی چھت تلے امراض چشم کی مکمل تشخیص و علاج مفت میسر ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد معین پرنسپل کا کہنا تھا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج سے کالا موتیا کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے۔