لاہور(کامرس رپورٹر) کشف فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کشف ویمن انٹرپرینیور شپ ایوارڈز 2024 کا مقامی ہوٹل میں انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کاروباری خواتین کو سراہنا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر لیزلی اسکینلون نے کہا کہ یہ صرف ایک ایوارڈز نہیں بلکہ ہمت، جدت طرازی، ثابت قدمی اور معیشت میں کاروباری خواتین کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔ آج ہم نے یہاں جو کہانیاں سنیں وہ ان خواتین کی غیرمعمولی کامیابیوں کا ثبوت ہے جنہوں نے خواب دیکھنے کی ہمت کی۔ ثابت قدمی سے مشکلات کا مقابلہ کیا۔ یہ تقریب ان خواتین کی کامیابیوں کا اعتراف ہے۔ کشف فاؤنڈیشن اور کینیڈین حکومت کے تعاون سے ہم نے مل کر ایک ایسا راستہ بنایا ہے جو نہ صرف رکاوٹوں کو توڑتا ہے بلکہ خواتین کیلئے ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے پل کا کردار بھی ادا کرتا ہے۔