لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) ایرانی قونصل جنرل لاہور مہران موحد فر نے سینئر صحافیوں کو افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک وحدت، بھائی چارے اور دین اسلام کو امن اور رحمت والے دین کے طور پر پیش کرنے کا موقع ہے اور امید کرتا ہوں کہ اس مہینے میں مسلمان معاشروں کے رشتے ناطے مضبوط ہوں۔ ہم ہمیشہ 2 ممالک کے تعلقات میں حکومتوں کے ساتھ تعاون اور مدد کے حوالے سے صحیح راستے کے بیان میں میڈیا کے مثبت کردار کے گواہ رہے ہیں۔ میرے خیال میں میڈیا کا اپنے ملکوں کیلئے اہم ترین مشن قومی مفاد کی فراہمی کے مقصد کے ساتھ یہی مانیٹرنگ اور تجویز پیش کرنا ہے۔ میں نے لاہور میں ایران کے قونصل جنرل کے طور پر دونوں ممالک (پاکستان اور ایران) کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پر (میڈیا میں شائع ہونے والی) تقریباً تمام باتوں اور مضامین کو پڑھا اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی میڈیا کا بڑا حصہ اس مقصد کے ساتھ وفادار رہا۔ اور میڈیا نے ایک طرح سے لوگوں کے مطالبے کی عکاسی کی۔ میں اس نقطہ نظر کا احترام کرتا ہوں۔ مگر میں اس نکتہ پر زور دینا چاہوں گا کہ دونوں ممالک کی ثقافت، معاشی صلاحیتوں اور سیاحت کے پرکشش مقامات کے تعارف کا ایک نامکمل مشن دونوں ملکوں کے میڈیا کے ذمے باقی ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کا ایک راستہ دونوں ممالک کے میڈیا وفود کے دورے ہیں اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مناسب موقع پہ اس کام کو عملی جامہ پہنایا جائے۔مگر چند مہینوں سے دنیا صیہونی رجیم کے ہاتھوں غزہ کے بے وفاع (یعنی دفاع سے محروم) لوگوں کے وحشیانہ قتل کی گواہ ہے۔ افسوس کہ مغربی ممالک کہ ہر طرح کی سپورٹ اور حمایت نے اس قانون شکن رجیم کو اس قتل کو جاری و ساری رکھنے میں حوصلہ افزائی کی ہے۔ میں چاہتا ہوں آج کی رات اس موقع سے استفادہ کروں اور فلسطین خصوصاً غزہ کے لوگوں کے سکون اور تحفظ کیلئے دعا کروں۔ وہ عوام جو کہ چند مہینوں سے کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہیں اور تباہ کن صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں اور ان دنوں 2 اتحادیوں کے ہوائی جہاز بیک وقت غزہ کی عوام پر غذا اور بم برسا رہے ہیں۔ مغرب کے ایک ناجائز اور مجرم رجیم کی اندھی حمایت میں یکطرفہ پن نے انسان کی کثیر الجہتی اور بین الاقوامی حقوق کے میدان میں ساری کامیابیوں کو واپس پلٹا دیا ہے۔ اسی طرح میں چاہتا ہوں آج رات اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستانی عظیم اور مسلمان قوم کیلئے امن، تحفظ اور فلاح و بہبود سے بھرپور مہینے کی تمنا کروں۔ وہ قوم جو ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ پاکستان کے عوام اور میڈیا حالیہ مہینوں میں پیش آمدہ فلسطین کے واقعات کے حوالے سے تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہوئے اور انھوں نے فلسطینی عوام کی حمایت میں سچائی والا برتاو کیا۔ اس مبارک مہینے میں تمام حریت پسند میڈیا خصوصاً مسلمان میڈیا کی یہ ذمہ داری ہے کہ غزہ کے تلخ واقعات کو بھولنے نہ دیں۔