لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا دنیا بھر میں مسلمانوں کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ عالمی طاقتیں اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں تیزی لائیں۔ اسلام فوبیا دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے خلاف زہر قاتل ہے ، جس کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور ایسی عالمگیر تنظیموں کی ذمہ اری ہے کہ وہ ایسے اقدامات کو فروغ دیں جن کا مقصد ہر قسم کے امتیازی سلوک کا خاتمہ اور محبت، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا ہو۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔ بین المذاہب مکالمہ و ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستان علماء کونسل عالمی سطح پر اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گی۔ عالمی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔