ننکانہ (نامہ نگار) سکھ مذہب کے نانک شاہی کیلنڈر کا 556 واں سال شروع ہونے پر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ میں تقریب ہوئی۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور سمیت دیگر ممبران‘ سکھ مرد وخواتین اورملکی و غیر ملکی سکھ رہنمائوں نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب اور چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ نے سکھ رہنمائوں کے ہمراہ نئے نانک شاہی کیلنڈر کی رونمائی کی اور مبارکباد دی۔ سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں جبکہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کی حفاظت اور بہترین تزین وآرائش کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکھ قوم سے صوبائی وزیر بنایا گیا ہے اور پاکستان نے سکھ خاتون کو پربندھک کمیٹی کا جنرل سیکرٹری بنا کر منفرد مثال قائم کی۔ تیرہ اپریل سے شروع ہونے والے بیساکھی تہوار کے موقع پر سکھ میرج ایکٹ لاگو کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔