لاہور( این این آئی)ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر30فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ، جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.1 فیصد کا اضافہ جبکہ درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12فیصدکی کمی ہوئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر فروری 2024تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 14.88ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق فروری میں پاکستان کاتجارتی خسارہ 1.743ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری کے مقابلہ میں 12فیصد اورگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 21فیصدکم ہے۔جنوری میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 1.979ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 1.746ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملکی برآمدات کامجموعی حجم 20.360ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.1فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 18.670ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، فروری میں برآمدات سے ملک کو2.583ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 18فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں ملکی برآمدات کاحجم 2.189ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملکی درآمدات کامجموعی حجم 35.24ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی درآمدات کاحجم 39.96ارب ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا، فروری میں درآمدات پر4.326ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 10فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں پاکستان کادرآمدی بل 3.935ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔
تجارتی خسارہ میں 30 فیصد کمی، برآمدات میں 9.1 فیصد اضافہ ریکارڈ
Mar 17, 2024